ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیری سیاسی جماعتوں کا پردہ فاش، گورنر راج ہی واحد حل:پنتھرس پارٹی

کشمیری سیاسی جماعتوں کا پردہ فاش، گورنر راج ہی واحد حل:پنتھرس پارٹی

Sat, 20 Aug 2016 18:52:23    S.O. News Service

جموں20اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسربھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کے وفد کی صدر جمہوریہ سے ملاقات پر حیرت کااظہارکیا ہے جس میں جموں یا لداخ کی سیاسی جماعتوں کا کوئی نمائندہ شامل نہیں تھا۔ پنتھرس سربراہ نے کہاکہ یہ ان کشمیری جماعتوں کا وفد تھا جو تقریباًً سات دہائیوں سے جموں وکشمیر میں کشمیریوں کا استحصال کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صدرجمہوریہ نے پنتھرس پارٹی یا جموں یا لداخ کے کسی سیاسی نمائندہ کو اس وفد میں شامل نہیں کیا ۔انہوں نے عمرعبداللہ سے دریافت کیا کہ ’سیاسی مسئلہ‘ سے ان کا کیا مطلب ہے اور اس کا حل کیا ہے۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ سیاسی مسئلہ یہ ہے کہ جموں وکشمیر پر 1947سے ،جب مہاراجہ ہری سنگھ نے 26اکتوبر 1947کو ریاست کا ہندوستان سے الحاق کیا تھا ، بے رحمی کے ساتھ حکمرانی کی گئی اور لوگوں کوپولیس اور گولیوں سے دبایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے خود آٹھ برس جیلوں میں کاٹے ہیں۔انہوں نے صدر کے ذریعہ پنتھرس پارٹی کو نمائندگی نہ دینے پر حیرت کا اظہار کیاجو جموں وکشمیر کی ایک تسلیم شدہ سیاسی پارٹی ہے۔وادی کشمیر کے تقریباًً20سیاسی لیڈروں نے صدر سے ملاقات کی جن کے پاس مطالبات کی کوئی فہرست نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس ملاقات سے صرف الجھن ہی پیدا ہوئی ہے اور ہندوستان کے دشمنوں کے اس یقین کوتقویت ملی ہے کہ جموں وکشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے کشمیری لیڈروں سے ہاتھ ملا کرگزشتہ اسمبلی انتخابات میں دھاندلی کی جس کی وجہ سے آج اسمبلی میں پنتھرس پارٹی کا کوئی نمائندہ نہیں ہے اور اس بات کا آج انکشاف ہوگیا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے سیاسی جماعتوں، قوم پرست قیادت اور ان لوگوں سے، جو تینوں خطوں لداخ، کشمیر اور جموں کے لوگوں کو باقی ہندوستانی شہریوں کے مساوی حقوق دینے کے حق میں ہیں، سے کہاکہ دفعہ ۔370میں ترمیم مسئلہ کا واحد حل ہے جس سے ہندوستانی پارلیمنٹ کو جموں وکشمیر کے تعلق سے قانون بنانے کا حق مل سکے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جموں وکشمیر کیسا ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے جس کے لئے ہندوستانی پارلیمنٹ قانون نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے صدر جمہوریہ پر زور دیا کہ وہ اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ریاست کے گورنر کو ہدایت دیں کہ وہ جموں وکشمیر کے سیکشن 92کے تحت ریاست میں گورنر راج نافذ کردیں جواس وقت مسائل کا واحد حل ہے۔


Share: